ریلوے ملازمین کا ڈیٹا نادرا سے منسلک کرنے کا فیصلہ

ریلوے ملازمین کا ڈیٹا نادرا سے منسلک کرنے کا فیصلہ

ریٹائرڈ ملازمین کو سفری پاسز نادرا سے ہی جاری ہوں گے ، ادارے کے خسارے کو روکنے کیلئے مختلف امور پر بات چیت جاری، ملازمین کا درست ریکارڈ مرتب ہوگا،نادرا کے پاس ریکارڈ جانے سے سفری پاس جعلی بننے کا زیادہ امکان ہے، معاہدہ صرف پریشان کرنے کے لئے ہے، فیصلہ مسترد کرتے ہیں، ریٹائرڈ ملازمین

کراچی (رپورٹ: نادر خان) پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کو سفری پاسز نادرا کے ذریعے جاری کرنے کا فیصلہ، ریٹائرڈ ملازمین نے احتجاج کا فیصلہ کرلیا ، نادرا سے جعلی شناختی کارڈ کا اجرا عام ہے تو سفر ی پاسز جعلی کیسے جاری نہیں ہو سکتے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کے سفری پاسز کے غلط استعمال اور پنشن ملازمین کادرست ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے میں ریٹائرڈ ملازمین اور حاضر سروس ملازمین کے ریکارڈ کو درست کرنے کے لئے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے نظام کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ریلوے کے ایک لاکھ36ہزار سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے لئے حالیہ دنوں میں پاکستان ریلوے کو پنشن کی ادائیگی بروقت ادا کرنے میں مشکلات کا سامناہے ، موجودہ وزیر ریلوے اور ریٹائرڈ ملازمین کے درمیان کئی بار تلخی بھی دیکھنے میں آئی ہے ۔ وزارت ریلوے اور نادرا کے درمیان ہونے والے معاہدے میں ریٹائرڈ ملازمین کے نام پر جاری ہونے والے پاسز کو بھی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین نے مسترد کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ریلوے اپنے ایسے ریٹائرڈ ملازمین جن کی سروس 30 برس تک ہو انہیں ہر سال ایک خصوصی پاس جاری کرتی ہے جبکہ جس ملازم نے 35 برس تک پاکستان ریلوے میں سروس کی ہو ایسے ملازم کو ہر سال دو خصوصی پاسز جاری ہوتے ہیں جبکہ 35سال سے زائد سروس سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازم کو پاکستان ریلوے ہر برس تین خصوصی پاس جاری کرتی ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ان پاسز کا غلط استعمال ہوتا ہے جس کی وجہ سے پاکستان ریلوے کو خسارہ ہورہا ہے اور اس کی روک تھام کے لئے نادرا سے معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لئے مختلف امور پر گفتگو جاری ہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کا کہنا ہے کہ ان کے لئے جاری ہونے والا خصوصی پاس خاص پیپر کا بنا ہوتا ہے جو نازک بھی ہوتا ہے اور اس میں جعل سازی بھی انتہائی کم ہے جبکہ نادرا سے روزانہ جعلی شناختی کارڈ بننے کی خبریں عام ہیں اور نادرا کیسے ریلوے کا سفری پاس جاری کر سکتی ہے، نادرا کے پاس ریکارڈ جانے سے اس میں جعلی بننے کا عمل بھی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ ریلوے انتظامیہ ایسے جعلی کارڈ کو کیسے روک پائے گی۔ ریٹائرڈ ملازمین کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے پہلے ہی تمام مسافر ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کر رہی ہے اور نجی شعبے میں جانے والی ٹرینوں میں خصوصی پاسز کی سہولت ختم ہوجاتی ہے۔ نادرا اور ریلوے کے درمیان ہونے والا معاہدہ صرف ریٹائرڈ ملازمین کو پریشان کرنے کے لئے ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں