معروف مزاح نگار ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی سپرد خاک

معروف مزاح نگار ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی سپرد خاک

نماز جنازہ ڈیفنس میں ادا کی گئی ، عزیز و اقارب ،سماجی ،ادبی شخصیات کی شرکت،مرحوم 25سے زائد کتابوں کے مصنف،جامعہ کراچی میں اعزازی پروفیسر رہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف مزاح نگار اور ماہر ابلاغیات ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی کو ڈیفنس فیز 8کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔قبل ازیں ان کی نماز جنازہ سلطان مسجد فیز فائیو ڈیفنس میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ اور تدفین میں عزیز و اقارب کے علاوہ معروف سماجی ،ادبی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نماز جنازہ سے قبل مرحوم کے صاحبزادوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں زاہد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی کا انتقال ادب کی دنیا کا ایک بڑا نقصان ہے ۔رضوان صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر معین قریشی شعر اور نثر دونوں پر عبور رکھتے تھے ۔ان کی کتابیں اس بات کا ثبوت ہیں۔محمود احمد خان نے کہا کہ ملک ایک علم و ادب سے محبت کرنے والے شخصیت سے محروم ہوگیاہے ۔مرحوم 25 سے زائد کتابوں کے مصنف تھے اور جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ میں اعزازی پروفیسر بھی رہے ۔ ایس ایم معین قریشی کو 2 مرتبہ بہترین کالم لکھنے پر اے پی این ایس ایوارڈ بھی دیا گیا۔حکومت سندھ نے مرحوم کی ادبی خدمات پر انہیں نقد ایوارڈ اور گولڈ میڈل سے نواز تھا۔مرحوم آرٹس کونسل اور پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کے بھی رکن تھے ۔مزید برآں مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بدھ (آج )کو بعد نماز عصر تا مغرب مرحوم کی رہائش گاہ واقع ڈیفنس فیز 6،خیابان محافظ اسٹریٹ ون بنگلہ نمبر 95 میں ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں