معصوم حمزہ سندھ حکومت کی لاپروائی کی نذرہوا،خرم شیر

معصوم حمزہ سندھ حکومت کی لاپروائی کی نذرہوا،خرم شیر

مقدمہ مراد علی شاہ کے خلاف درج اوروزیر بلدیات کو نامزد کیا جائے،گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے گارڈن ویسٹ کے علاقے میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے حمزہ کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی، پی ٹی آئی رہنما اظہر لغاری، فراز لاکھانی اور دیگر موجود تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت کی لاپروائی کی وجہ سے چاند جیسا بچہ حمزہ دنیا سے چلا گیا، کئی بچے کتے کے کاٹنے سے انتقال کرگئے ، کئی بچے ویکسین نہ ملنے سے مرگئے ، کئی بچے نالوں میں مرگئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس صوبے میں حکومت کو عوام کی زندگی سے کوئی غرض نہیں ہے ، حکومت سندھ کو عوام کے کسی مسئلے سے سروکار نہیں ہے ، تھر میں بچے بھوک و افلاس سے مررہے ہیں، لاڑکانہ میں ایڈز سے بچے مررہے ہیں، گندا پانی پینے سے لوگ مررہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی کو عوام کے بجائے بس اپنی کرپشن کی فکر ہے ، یہ اسکولوں کے ڈیسکوں میں کرپشن کررہے ہیں،ہزاروں روپے بھی نہیں چھوڑتے ۔ خرم شیر زمان نے کہاکہ ہم چیف جسٹس سے حمزہ کے واقعے کا نوٹس لینے کی درخواست کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حمزہ کی ہلاکت کی ایف آئی آر مراد علی شاہ کیخلاف درج کی جائے ،اس ایف آئی آر میں وزیر بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو نامزد کیا جانا چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں