چڑیا گھر کے ہاتھیوں کا طبی معائنہ کرانے کی ہدایت

چڑیا گھر کے ہاتھیوں کا طبی معائنہ کرانے کی ہدایت

جرمن ڈاکٹر سے طبی معائنے کے بعد 27اکتوبر تک رپورٹ طلب ،عدالت کادرخواست گزار اور بلدیہ عظمیٰ کو اخراجات ادا کرنے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے جانے والے چار ہاتھیوں کی حالت زار سے متعلق درخواست پر جرمن ڈاکٹر فرینک وڈ سے ہاتھیوں کا طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کردی، فاضل عدالت نے ہاتھیوں کے طبی معائنے کے بعد 27 اکتوبر تک رپورٹ طلب کرلی۔ فاضل عدالت نے 50 فیصد اخراجات درخواست گزار اور 50فیصد اخراجات بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ کی سر براہی میں دو رکنی بینچ نے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں رکھے جانے والے چار ہاتھیوں کی حالت زار سے متعلق جانوروں کے تحفظ کی تنظیم کی جانب سے درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پرد رخواست گزار کے و کیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چاروں ہاتھیوں کی صحت توجہ طلب ہے اور ڈاکٹر فرینک وڈ سے طبی معائنہ کرایا جائے ۔اس موقع پر کے ایم سی کے وکیل نے ڈاکٹر فرینک وڈ سے معائنہ کرانے کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ملک مخالف بیان دیا تھا۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی، ڈاکٹر فرینک وڈ کے جس بیان پر ناراض ہے ، اس کا ملکی سالمیت سے کوئی تعلق نہیں اور ڈاکٹر فرینک وڈ کی فیس لگ بھگ 17 ہزار ڈالر ہے۔ بعد ازاں عدالت نے جرمن ڈاکٹر فرینک وڈ سے ہاتھیوں کا طبی معائنہ کرانے اور معائنے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27اکتوبرتک ملتوی کردی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں