کے ایم سی کوبہتر کرنے کیلئے شفافیت لارہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

کے ایم سی کوبہتر کرنے کیلئے شفافیت لارہے ہیں، مرتضیٰ وہاب

اصلاحات کی طرف جارہے ، اسٹیٹ، لینڈ اور دیگر محکموں کا ریکارڈ آن لائن کردیا میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کیلئے وفاق اور دیگر ادارے مثبت کردار ادا کرینگے ،پریس کانفرنس

کر اچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی اب اصلاحات کی طرف جا رہی ہے ، اسٹیٹ، لینڈ اور دیگر محکموں کا ریکارڈ آن لائن کردیا ہے ، ادارے میں بہتری کے لئے شفافیت لا رہے ہیں، اختیارات کا رونا رونے کے بجائے کے ایم سی کی اصل پوزیشن واضح کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوصدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی افضل زیدی اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بار بار کہا جاتا رہا کہ اختیارات کا فقدان ہے جبکہ اختیارات کا نہیں نیت کا فقدان تھا، صورتحال میں بہتری لانے کے لئے محکمہ اسٹیٹ سے آغاز کیا، کے ایم سی کی دکانوں کا کرایہ ڈیڑھ سال پہلے تک 5 کروڑسالانہ ملتا تھا جو اب بڑھ کر 15 کروڑ ہوگیا ہے۔ چارجڈ پارکنگ سائٹس سے پورا سال 3 کروڑ جمع ہوتے تھے ، مافیا کا خاتمہ کرکے موجودہ مالی سال کے ابتدائی صرف تین ماہ میں ساڑھے 4 کروڑ سے زائد وصول کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے پاس تین راستے ہیں، وفاقی حکومت سے مدد مانگوں، صوبائی حکومت سے مانگوں یا کے ایم سی کے حوالے سے اپنے حق پر کھڑا رہوں،پرامید ہوں کہ میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کی بجلی کے بلوں میں وصولی کے لئے وفاقی حکومت اور دیگر ادارے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اور عدالتیں کے ایم سی کا نقطہ نظر سن کر فیصلہ دیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں