سندھ ہائیکورٹ‌: گجر نالا تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو معاوضے سے متعلق تفصیلات طلب

سندھ ہائیکورٹ‌: گجر نالا تجاوزات آپریشن کے متاثرین کو معاوضے سے متعلق تفصیلات طلب

سپریم کورٹ کے تمام فیصلے اورتمام درخواستوں کی فہرست بھی طلب،تجاوزات گرا دیں، نالے کی صفائی ہو رہی ہے یا نہیں؟ جسٹس محمد فیصل کمال کاحکومتی وکیل سے استفسار

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ نے گجر نالا تجاوزات آپریشن سے متعلق درخواست پر تجاوزات آپریشن سے متعلق سپریم کورٹ کے تمام فیصلے ، فہرست اور متاثرین کو معاوضے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ منگل کو جسٹس عرفان سعادت خان کی سربراہی میں جسٹس محمد فیصل کمال عالم پر مشتمل بینچ کے روبرو گجر نالا تجاوزات آپریشن سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد فیصل کمال نے استفسار کیا یہ بتائیں، تجاوزات گرا دیں، نالے کی صفائی ہو رہی ہے یا نہیں؟ سندھ حکومت کے وکیل نے موقف دیا نالے کی صفائی اور بحالی کا کام جاری ہے ۔ حکومتی وکیل نے اصرار کیا یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔ اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ گجر نالا تجاوزات کارروائی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہوئی۔ عدالت نے کے ایم سی وکیل سے استفسار کیا یہ بتائیں، متاثرین کو کیا دیں گے ؟ وکیل کے ایم سی نے موقف دیا متاثرین کو معاوضہ اور نئے پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں گھر ملیں گے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے تمام درخواستوں کی فہرست دیں تاکہ ایک جیسا فیصلہ ہو سکے ۔ عدالت نے تجاوزات آپریشن سے متعلق سپریم کورٹ کے تمام فیصلے طلب کرلیے ۔ عدالت نے گجر نالا آپریشن سے متعلق تمام درخواستوں کی فہرست اور سندھ حکومت سے متاثرین کو معاوضے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں۔دوسری جانب کراچی بچاؤ تحریک، اورنگی اور گجر نالا متاثرین نے کہاہے کہ حکومت جو گھر گرا رہی ہے ان میں سے کوئی بھی نالے پر واقع نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں