متحدہ پاکستان ایام ہجرت منائے گی،ریلی کا بھی اعلان

متحدہ پاکستان ایام ہجرت منائے گی،ریلی کا بھی اعلان

جمعہ تا اتوارتحریک پاکستان کیلئے قربانیوں کے حوالے سے بتایاجائیگا،فیصل سبزواری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن و سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں تمام قومیتیں اپنا کلچر ڈے مناتی ہیں، ایم کیوایم 24 تا 26 ستمبر ایام ہجرت منائے گی جبکہ 2 اکتوبر کو حیدرآباد میں شہری سندھ کے حقوق کیلئے ریلی کاانعقاد کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز بہادر آباد پر اراکین رابطہ کمیٹی خالد سلطان، شکیل احمد، ارشاد ظفیر، ابوبکر، اسلم آفریدی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ ایام ہجرت کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام مشاعرہ، مکالمہ اور برصغیر میں فخر سے منانے والی محفل سماع قوالی کا پروگرام رکھے گئے ہیں اور تحریک پاکستان و پاکستان کی خاطر لاکھوں جانوں کی قربانیاں دینے کی تاریخ عوام کے سامنے رکھیں گے۔ فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ حیدرآباد اور شہری سندھ کے نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم رکھا جارہا ہے، حیدرآباد کے اسپتالوں سے وینٹی لیٹرز لاڑکانہ منتقل کرد یے جاتے ہیں، پچھلے چالیس سال سے سندھ کی متعصب نسل پرست حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور شہری سندھ کا صحت کا نظام درست کیا نہ تعلیم کا، سڑکیں موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہی ہیں اور یہاں تک کہ کورونا ویکسین فائزر جو سندھ حکومت کے ہاتھ آئی ہے اس کو بھی عوام کو نہیں لگا رہی، اب ویکسین ایکسپائرہونے کے مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں