شہری حکومت اور میئر کا انتخاب براہ راست کیا جائے ،حافظ نعیم

شہری حکومت اور میئر کا انتخاب براہ راست کیا جائے ،حافظ نعیم

سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات نہ کراکر جمہوری حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ اسمبلی میں عوام کو ان کا جمہوری حق دینے اور مسائل کے حل کے لیے بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کے حوالے سے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید کی تحریک التوا مسترد کرنے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کو مسلسل زیر التوا رکھ کر عوام کے آئینی و جمہوری حق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے اور کراچی میں سیاسی و اپنا پارٹی ایڈمنسٹریٹر لگا کر شہر قائد پر قبضہ کرنے اور بلدیاتی وسائل،اختیارات کے ذریعے من مانی کرنا چاہتی ہے ، سندھ حکومت اور حکمران پارٹی عوام بالخصوص اہل کراچی سے سخت خوفزدہ ہے، اسی لیے بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے تیار نہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت تاخیری حربے استعمال اور مردم شماری کو بہانہ بنانے کے بجائے فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرے، شہری حکومت اور میئر کا انتخاب براہ راست کرایا جائے اور اس کے لیے موجودہ لوکل باڈی ایکٹ ختم کیا جائے، تمام حکمران پارٹیاں بلدیاتی انتخابات کرانے میں بالکل سنجیدہ نہیں،کیونکہ ان کی نا اہلی و ناقص کارکردگی عوام کے سامنے ہے ، عوام ان سے سخت نالاں اور مایوس ہو گئے ہیں، کراچی مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں