ملکی ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے ،ثروت قادری

ملکی ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے ،ثروت قادری

کشمیریوں کی حمایت اور ان کا ساتھ دینا ایمانی،اخلاقی اور سیاسی فرض ہے،علما و مشائخ امن وسلامتی اور اتحاد ویکجہتی، بھائی چارگی کو فروغ دیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی کا قلع قمع اور ملک کی تعمیر وترقی کیلئے مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے، دو قومی نظریہ کے مخالف آج دو قومی نظریہ کو تسلیم کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں مرکز اہلسنّت سے جاری ایک بیان میں کیا۔ ثروت قادری نے مزید کہا کہ ملک بھر میں یوم رضا وشہدا کانفرنس کا انعقاد کیا جائے ، یوم رضاوشہدا کانفرنس منعقد کرکے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے، صفر کے مہینے میں دہشت گردوں نے ہمارے بانی وقائد محمد سلیم قادری کو اس لئے شہید کیا کہ وہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف ٹھوس چٹان تھے، عشق ومحبت ؐ کی نشانی اعلیٰ حضرت اور مشن اعلیٰ حضرت کے پاسبان شہید محمد سلیم قادری کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کارکنان یوم رضا و شہدا کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے بھارت کے تسلط کو ختم کرنے کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، کشمیریوں کی حمایت اور ان کا ساتھ دینا ہمارا ایمانی، اخلاقی اور سیاسی فرض ہے ۔سنی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی نے قلم کی طاقت سے اسلام دشمن قوتوں کا سر قلم کیا، اسلام کا تحفظ کرتے ہوئے اسلام دشمن ہر فتنے کا مقابلہ کیا، علما ومشائخ امن وسلامتی اور اتحاد ویکجہتی بھائی چارگی کو فروغ دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں