کورونا وبا مکمل ختم نہیں، کافی حد تک کم ہوگئی،ڈاکٹر ذ یشان

کورونا وبا مکمل ختم نہیں، کافی حد تک کم ہوگئی،ڈاکٹر ذ یشان

دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی مزید لہر کا امکان ہے،جو غلطیاں پہلے ہوئیں اب نہیں ہونی چاہئیں،شہر ی جلد ویکسی نیشن کرالیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس پر تحقیق کرنے والے پاکستانی ڈاکٹر ذیشان قیصر کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے تو ہمیں یہ بات اچھی طرح سمجھنا ہوگی کہ پاکستان میں اب بھی کورونا وائرس کی لہر مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، البتہ یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ کورونا وائرس کی لہر میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے، تاہم ہم سب کو اب بھی آگاہی مہم ’’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘‘ کو جاری رکھنا ہوگا۔ ڈاکٹر ذ یشان قیصر نے خبر دار کیا کہ دیگر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی مزید لہر کا امکان ہے ، لیکن ہمیں اس سے ڈرنے کے بجائے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا اور جو غلطیاں ہم سے پہلے ہوئی ہیں وہ اب نہیں ہونی چاہئیں۔ ڈاکٹر ذیشان قیصر نے مزید کہا کہ حکومت کو شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے ۔ ڈاکٹر ذیشان قیصر نے حکومت کوتجویز دیتے ہوئے کہا کہ اگر نومبر میں کورونا وائر س کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو تو پھر اسے اسمارٹ لاک ڈاؤن سمیت دیگر سخت اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ کورونا وائرس سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل ہو سکے۔ ڈاکٹر ذیشان قیصرنے ایس او پیز سے متعلق این سی او سی اور وزیر اعلیٰ سندھ کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیشن سے متعلق آ گاہی کے لیے بہتر انداز میں کام کیے گئے ۔ انہوں نے شہر یوں سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرالیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں