ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے اور کارروائی کے احکامات

ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے اور کارروائی کے احکامات

مقدمات کا اندراج ، جرمانہ عائد کرنے کاکام بھی مجاز افسران نے انجام نہیں دیا ،محکمہ داخلہ اور ڈپٹی سیکریٹری روزانہ چیف سیکریٹری کو رپورٹ کریں،قاضی شاہد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز نے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ، کراچی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (سندھ)، تمام کمشنرز،ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی رینج ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (تمام سندھ) اور ڈپٹی کمشنر (تمام سندھ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (تمام سندھ) کو ہدایت کی ہے کہ ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں ذاتی دلچسپی لی جائے ۔ اس سلسلے محکمہ داخلہ کی جانب سے متعلقہ ذمہ داران کو خط بھیج دیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ نے بڑی تشویش کے ساتھ مشاہدہ کیا ہے کہ ڈویژنل/ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے میں مناسب دلچسپی نہیں لے رہے۔ اسی طرح قانونی کارروائی بشمول مقدمات کا اندراج یا جرمانہ عائد کرنے کا کام بھی مجاز افسران نے انجام نہیں دیا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ نے مجاز افسران اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ افراد کے ویکسی نیشن کارڈ چیک کرنے میں گہری دلچسپی لیں، حکم کی خلاف ورزی پر مجاز قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ اور ڈپٹی سیکریٹری (اسٹاف) روزانہ چیف سیکریٹری سندھ کو رپورٹ کریں، آپ کی کارکردگی کا فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ آپ کی دلچسپی کی بنیاد پر کریں گے، ان ہدایات کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں