کچرااٹھانے کی فیس کیلئے سوئی سدرن سے مدد لینے کافیصلہ

کچرااٹھانے کی فیس کیلئے سوئی سدرن سے مدد لینے کافیصلہ

سالڈویسٹ رہائشی علاقوں سے کچرااٹھانے کیلئے 300روپے تک فیس لے گا،لاڑکانہ میں بھی صفائی ستھرائی کیلئے کمپنی کو منظوری کیلئے خط دینے کی منظوری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اکتوبرکے آخری ہفتے تک ضلع وسطی، ضلع کورنگی اور ضلع لاڑکانہ میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کچرا اٹھانے کے کام کا آغازکرے گا، لاڑکانہ میں کوالیفائی کرنے والی کمپنی کو منظوری کا خط دینے کی منظوری دیدی گئی۔ یہ فیصلہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت منعقدہ بورڈ اجلاس میں کیاگیا۔ اس موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نجم شاہ، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر حیدرآباد نثار سومرو، بیرسٹر مصطفی ممتاز، ایڈیشنل کمشنر کراچی و دیگر بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اے ڈی پی اسکیم کے تحت سائنٹفک جی ٹی ایس پر باقی کام مکمل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو اپنے ذرائع سے ریونیوجنریٹ کرنے کے اقدامات جن میں کنٹونمنٹ بورڈ اور انڈسٹریل ایریا شامل ہیں کچرا اٹھانے اور فیس مختص کرنے کے علاوہ رہائشی علاقوں سے علاقہ وائز 100، 200 اور 300 روپے فیس ہر گھر سے لینے کے لئے سوئی سدرن گیس کو خط لکھا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں سالڈ ویسٹ بورڈ کے ساتھ کوآرڈی نیشن کرے۔ اجلاس میں ملازمین کو حج، زیارت، ڈیوٹی کے دوران علاج معالجے یا فوتگی کی صورت میں تدفین اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ دینے کے لئے پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں