اسمگلنگ نیٹ ورک متحرک کرنے کی کوشش ناکام، ایک کروڑ سے زائد مالیت کا سامان ضبط

اسمگلنگ نیٹ ورک متحرک کرنے کی کوشش ناکام، ایک کروڑ سے زائد مالیت کا سامان ضبط

جناح ائرپورٹ پر کسٹم حکام نے 60سالہ شخص سے ہیرے ،قیمتی گھڑیاں برآمد کرلیں،قیمتی سامان کے فنانسر کو بھی لابی سے پکڑلیا گیا،ملزم کا بیٹا بھی کچھ عرصہ قبل گرفتار ہوچکا ہے

کراچی(رپورٹ:نادر خان)جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ سے اسمگلنگ نیٹ ورک کو متحرک کرنے کی کوشش ناکام ،کسٹم حکام نے 60سالہ شخص سے ایک کروڑ سے زائد مالیت کے ہیرے ،قیمتی گھڑیاں ضبط کرلیں ،گرفتار شخص کی نشاندہی پر قیمتی سامان کے فنانسر کو بھی ائرپورٹ لابی سے گرفتار کرلیا گیا ،60سالہ شخص کا بیٹا کچھ عرصہ قبل کسٹم کی ایک اور کارروائی میں گرفتار ہوچکا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ پر تعینات کسٹم کے ڈی سی انعام اللہ وزیر کو خفیہ اطلاع ملی کہ دبئی سے آنے والی فلائٹ میں اسمگل شدہ سامان کو کلیئر کرانے کی کوشش کی جائے گی جس پر کسٹم حکام نے دبئی سے آنے والی امارت اء لائن کی پرواز نمبر 606کے مسافروں کی نگرانی شروع کی،اس دوران ایک مسافر کو روکنے کی کوشش کی تو اس نے ائر پورٹ لاؤنج سے باہر بھاگنے کی کوشش کی جس پر کسٹم حکام نے اسے لابی سے باہر نکلنے سے پہلے پکڑ لیا اور اس کی تلاشی لی گئی تو مسافر کے جسم کے ساتھ قیمتی ہیرے اور مہنگی گھڑیاں بندھی ہوئی تھیں جس پر مسافر سے تفتیش کی گئی تو اس نے اس سامان کے مالک کی نشاندہی کی جسے کراچی ائر پورٹ کی لابی سے ہی گرفتار کرلیاگیا ۔کسٹم حکام کاکہنا ہے کہ قیمتی سامان اسمگل کرنے میں ملوث 60سالہ زاہد خلیل اپنی فیملی کے ساتھ سفر کررہا تھا تاہم اس نے دبئی سے اپنی فیملی سے ہٹ کرائر لائن کا ٹکٹ حاصل کیا تھا جب کہ ملزم کا بیٹا بھی کچھ عرصہ قبل کسٹم کی کارروائی میں گرفتار ہوچکا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں