کورنگی:لوڈشیڈنگ دورانیہ14گھنٹے سے تجاوز کر گیا
مختلف سیکٹرز میں نصف شب کے بعد اور فجر میں4گھنٹے بجلی بند کر دی جاتی ہے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایریل بنڈل کیبل ڈالنے کے باوجود شہر کے کئی علاقوں کو بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے نجات نہیں مل سکی۔ ملیر کھوکھراپار بلاک ڈی ون میں یومیہ ساڑھے سات گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ۔ ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کورنگی کراسنگ، الواسع ٹاؤن، اللہ والا ٹاؤن سمیت کورنگی سیکٹر31اے کے مختلف سب سیکٹرز میں نصف شب کے بعد4گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع کردیا گیاہے ۔ صارفین نے شکایت کی ہے کہ کورنگی،شاہ فیصل کالونی،ناتھا خان ، لانڈھی، ملیر اور لیاری سمیت مختلف علاقوں میں نصف شب کے بعد بھی4گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ کورنگی سیکٹر31اے ،بی ، جی سمیت اطراف کے علاقوں میں نصف شب کے بعد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کے تعطل کا دورانیہ14گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے ۔ کورنگی کے مختلف سیکٹرز میں نصف شب کے بعد4گھنٹے کے لئے بجلی بند کر دی جاتی ہے ۔ دوسری جانب کورنگی سیکٹر31اے میں کے الیکٹرک کی ذیلی کمپنی کی تنصیبات اور دفاتر میں بجلی بحال جبکہ اطراف کے علاقوں کی بجلی بند کر دی جاتی ہے ۔ اس حوالے سے ذرائع کے الیکٹرک نے ہمیشہ ایک ہی موقف اختیار کیا ہوا ہے کہ جب تک ریکوری ہدف کے مطابق نہیں ہوگی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کرسکتے۔