عقیدہ ختم نبوت ؐایمان اور عقیدے کا معاملہ، حافظ نعیم الرحمن

عقیدہ ختم نبوت ؐایمان اور عقیدے کا معاملہ، حافظ نعیم الرحمن

ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے آئین میں موجود قوانین کسی صورت ختم نہیں کیے جا سکتے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ؐتمام مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے، اہل ایمان، ختم نبوت اور ناموس رسالت ؐ کی خاطر اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔ اسلامک لائرز موومنٹ کے تحت کراچی بار ایسوسی ایشن کے آڈیٹوریم میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے آئین میں موجود قوانین کسی صورت میں ختم نہیں کیے جا سکتے، ان اہم اور بنیادی معاملات پر پوری امت متحد اور متفق ہے، دین کے اصولوں میں بھی کوئی اختلاف نہیں، اسلام دشمن عناصر فروعی و مسلکی اختلافات کو بنیاد بنا کر امت کو تقسیم اور کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ علماء حق دین کے اصولوں پر ہمیشہ صف بستہ رہے ہیں اور ہر مشکل و نازک موقع پر یہ پیغام دیا ہے کہ ملک کے عوام ایک دین کے ماننے والے ہیں، علماء حق نے تقسیم اور انتشار کی سازشوں کو ہمیشہ ناکام بنا یا ہے، آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متفق اور متحد ہوجائیں تاکہ دین دشمن طبقے کو اتنی جرأت نہ ہوسکے کہ وہ دین کے بارے میں کچھ کہہ سکے۔ کانفرنس سے عبدالصمد خٹک ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔کانفرنس میں مرد و خواتین وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں