رینجرز کا سیکیورٹی گارڈز کیخلاف کریک ڈائون کا آغاز
اہم تنصیبات، گھروں پر ڈیوٹی دینے والے گارڈز غیر تربیت یافتہ نکلے، کمپنیوں کو ہدایت جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز سندھ نے اہم تنصیبات سمیت دیگر مقامات پر ڈیوٹیاں دینے والے سیکیورٹی گارڈز کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے اہم تنصیبات اور گھروں پر تعینات سیکیورٹی گارڈز کا ریکارڈ چیک کیا۔ چیکنگ کے ابتدائی مرحلے کے دوران سیکیورٹی گارڈز کی بڑی تعداد غیر تربیت یافتہ افراد پر مشتمل پائی گئی، جس پر سیکیورٹی کمپنیوں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ دوسرے مرحلے میں کراچی کے چار اضلاع میں مجموعی طور پر 4661 سیکیورٹی گارڈزکا ریکارڈ چیک کیا گیا، مشتبہ سیکیورٹی گارڈز کی ویری فکیشن کی گئی، دوران ویری فکیشن 337 گارڈز کا اسلحہ غیر تصدیق شدہ، جبکہ 159گارڈز کا اسلحہ غیر لائسنس یافتہ پایا گیا۔ سیکیورٹی کمپنیوں سے غیر لائسنس یافتہ اسلحے کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ہفتے میں222 گاڑیوں پر غیر قانونی ایمر جنسی لائٹس، 1363گاڑیوں پر فینسی لائٹس اور 3003 گاڑیوں پرلگے کالے شیشے اتروائے گئے، جبکہ177 افراد کے خلاف بغیر اجازت گاڑی کے کیبن میں بیٹھ کر اسلحہ کی نمائش کرنے پر کارروائی کی گئی۔