چہلم امام حسینؓ،مرکزی جلوس کوفول پروف سیکیورٹی دینے کا فیصلہ
جلوس کے راستوں، امام بارگاہوں کے اطراف صفائی، روشنی کے اقدامات کئے جائیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک جائزہ اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین ؓکے مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، پولیس، رینجرز، بلدیہ عظمیٰ، ضلعی بلدیات، واٹر بورڈ، سالڈ ویسٹ بورڈ و دیگر محکموں کے سینئر افسران اور کے الیکٹرک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جعفر یہ الائنس پاکستان کے سیکریٹری سید شبر رضا، علامہ فرقان حیدر عابدی، علما کرام اور منتظمین بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر نے کمشنر کراچی کو مرکزی جلوس چہلم امام حسینؓ کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی جلوس کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، خصوصی انتظامات کئے جا ئیں گے، جلوس کے راستوں اور مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ مرکزی جلوس سمیت اندرونی علاقوں سے برآمد ہونے والے تمام جلوسوں کے راستوں پر صفائی، تمام راستوں کو روشن رکھا جائے گا، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔ سیوریج کی شکایت پرفیصلہ کیا گیا کہ واٹر بورڈ اس سلسلے میں ترجیحی اقدامات کرے گا۔