سکھر میں بلدیہ،ٹنڈوآدم میں پولیس کیخلاف مظاہرے

سکھر میں بلدیہ،ٹنڈوآدم میں پولیس کیخلاف مظاہرے

پنگریو میں کاشتکاروں کا زمینیں سیم نالے میں زبردستی شامل کرنے پر احتجاج

سکھر،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)سکھر کے علاقے قاسم آباد رکشہ مارکیٹ میں نکاسی آب کا نظام ناکارہ ہونے کیخلاف دکانداروں نے مچھلی مارکیٹ اور سکھر بلدیہ کیخلاف گندے پانی میں کھڑے ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا اورنعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ مچھلی مارکیٹ کا سیوریج نظام خراب ہوجانے کی وجہ تمام گٹر لائنیں بند ہوجاتی ہیں اور پانی گلیوں میں جمع اور دکانوں میں داخل ہوجاتا ہے ،شکایات کے باوجود صفائی کا عملہ بھی گٹر لائن درست کرنے نہیں آتا ،انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ ٹنڈوآدم میں عوامی خاصخیلی فورم سانگھڑ کی جانب سے پاسبا ن ڈیمو کریٹک پارٹی کے ضلعی صدر سلطان خاصخیلی ، صحافی عبداللہ بھن و دیگر کی گرفتاری پر سٹی پولیس کیخلاف محمدی چوک سے ٹنڈوآدم پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ پنگریو کے قریب سے گزرنے والے ایل بی اوڈی سیم نالے کی قدرتی آبی گزرگاہوں کی بحالی کے کام میں مقامی کاشت کاروں کی زرعی زمینیں زبردستی سیم نالے میں شامل کرنے کے خلاف متاثرہ کاشت کاروں نے ریلی نکال کر پریس کلب پنگریوکے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ اصلی قدرتی گزرگاہوں کے بااثر قابضین کے قبضے کوبچانے کیلئے کیاجارہاہے ،غریب وچھوٹے کاشتکاروں کی زرعی زمینیں ڈنڈے کے زورپرسیم نالے میں شامل کی جارہی ہیں جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہرے کے باعث پنگریو جھڈو روڈ دو گھنٹے بلاک رہا اور روڈ کے اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں