میرپورخاص میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے ہوگیا
ڈگری میں درجنوں کی دیہات کی 8روزسے بجلی بند،میرپورماتھیلومیں کھلی کچہری
میرپور خاص، اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) میرپورخاص میں بجلی کے بحران پر قابو نہ پایا جا سکا جمعے کے روز ہونے والی معمولی بارش کے بعد حیسکو کی جانب سے میرپورخاص کے تمام فیڈرز کی دن پونے دو بجے بجلی کی سپلائی بند کر دی گئی تھی جو رات دس بجے جزوی طور پر بحال کی گئی جبکہ پوری رات بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ۔حیسکو کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک جا پہنچا ہے اس کے علاوہ بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ حیسکو کے افسران اور اہلکاروں نے اپنے موبائل فون بھی بند کردیے ہیں۔ ڈگری سب ڈویژن کا امب موری فیڈر آٹھ روز سے بند ہونے کے باعث 65 دیہات اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں ۔ گل زمان مرغزانی، غلام حیدر کلوئی اور دیگر نے احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا ہے کہ امب موری فیڈر 8 روز سے بند ہے جس پر چھوٹے بڑے 65کے قریب دیہات ہیں جنہیں بجلی فراہم کی جاتی ہے ،8روز سے بجلی بند ہونیکی وجہ سے شدید گرمی میں بچے اور خواتین شدید اذیت کا سامنا کررہی ہیں جبکہ بجلی کی بندش کی وجہ سے پانی کے بحران نے بھی سر اٹھالیا ہے انہوں نے متعلقہ حکام سے بجلی کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا۔ میرپور ماتھیلو سے نمائندے کے مطابق ایس ڈی او میرپور ماتھیلو آفس میں ایکس ای این عبدالحق ڈھانی کی قیادت میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں شہری و دیہی علاقوں کے درجنوں صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا اور بجلی کے بلوں میں بھی رعایت دی گئی۔