مختلف واقعات میں دو بچیوں سمیت7افرادہلاک
خانپورمہرمیں دوبچیاں دیوارگرنے سے ،سکھرمیں نوجوان حادثے میں جاں بحق
خانپورمہر،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ )خانپورمہر کے قریب گائوں رئیس کڑو مہر میں گھر کی دیوار گرنے سے دیوار کے ساتھ کھیلنے والی دو کمسن بہنیں تین سالہ ماجدہ اور سات سالہ اجمیراں مہر ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئیں۔ میرپور خاص کے علاقے کوری گوٹھ میں بجلی کے تاروں میں پھنسی پتنگ کو نکالتے ہوئے کرنٹ لگنے سے 25سالہ سائیں ڈنو مری موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جس کی لاش سول اسپتال منتقل کردی گئی۔ سکھر میں نیو بس ٹرمینل کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان عبدالحمید مہر موقع پر جاں بحق ہوگیا پولیس نے کار تحویل میں لیکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق چانڈکا اسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث پرائمری ٹیچر تڑپ تڑپ کر دم توڑگیا ، ورثا کے مطابق پرائمری ٹیچر دیدار میمن کو بلڈ پریشر کے مسئلے پر اسپتال لایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اس پر توجہ نہیں دی اور وہ دل کے دورے کے باعث چل بسا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز اور عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ٹنڈو محمدخان میں دو دن قبل چاندنی چوک سے لاپتہ شخص محمدطارق بھٹی کی لاش علی پور نہر سے برآمد ہوئی جسے پولیس نے اسپتال منتقل کیا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق مورو پولیس کے علاقے میمن محلے کے تعلیم یافتہ نوجوان 24 سالہ مہران میمن نے بے روز گاری اور گھریلو مسائل سے تنگ آکر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی ۔ دریں اثنا نیو سبزی منڈی روڈ پر واٹرپارک کے قریب 5 مسلح افراد نے صحافی قمر منیرآرائیں کے بھائی شوکت آرائیں کو گولیاں مارکر زخمی کردیا۔ نواب شاہ سے نمائندے کے مطابق مہران ہائی وے یوسف زرداری کے مقام پر اسکول وین بچوں کو لینے کیلئے رکی تو تیز رفتار ٹرک نے اسے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں چار بچے شدید زخمی ہوگئے جو شاہ لطیف پبلک ہائی اسکول نواب شاہ کے طالب علم ہیں ، دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لیکر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔