کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3محنت کش چل بسے

کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 3محنت کش چل بسے

سائٹ میں کمپنی کے اندرکام کے دوران اسماعیل اوربھنگوریہ گوٹھ میں یامین نشانہ بنے،کینٹ بازارمیں پول پرکام کرنے والاراجاچل بسا،نارتھ ناظم آبادمیں ایک زخمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ اے ایریا تھانے کی حدود سائٹ میں کمپنی کے اندر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ اسپتال میں متوفی کی شناخت 31 سالہ اسماعیل ولد محمد مختیار کے نام سے ہوئی۔ عزیز آباد تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 2بھنگوریہ کالونی میں قائم قادریہ مسجد کے قریب کام کے دوران کرنٹ لگنے سے مزدور جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت محمد یامین ولد عبد العزیز کے نام سے ہوئی ۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔ شاہ فیصل کالونی ڈرگ روڈ کینٹ بازار کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی شناخت35 سالہ راجا کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق متوفی بجلی کے پول پر کام کررہا تھا کہ یہ واقعہ رونما ہوا، تاہم اس حوالے سے معلومات لی جارہی ہیں۔ شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی F11 بس اسٹاپ کے قریب بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ خان محمد ولد شاہ ولی کے نام سے ہوئی، جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں