تین روزہ سیاحتی فوٹوگرافی کی نمائش و مقابلے کا انعقاد

تین روزہ سیاحتی فوٹوگرافی کی نمائش و مقابلے کا انعقاد

سندھ کی سیاحت کے لیے وفاق نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا،سردارشاہ،نوجوانوں کی شرکت کے بغیرکوئی شعبہ ترقی نہیں کرسکتا،صوبائی وزیر ثقافت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاحت کو اولین ترجیح دینے کے خالی بیانات تو دیے لیکن سندھ کی سیاحت کے لیے وفاق نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا ۔ عالمی یوم سیاحت کے موقع پر سندھ کے محکمہ سیاحت کی جانب سے تین روزہ سیاحتی فوٹوگرافی کی نمائش و مقابلے کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکا کو بہترین فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی پر نقد انعامات سے نوازا گیا۔ لیاقت میموریل لائبریری کراچی میں محکمہ ثقافت سندھ کی پہلی سرکاری آرٹ گیلری ’’سمبارا‘‘ میں جاری نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ثقافت نے کہا کہ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ نوجوان ہمارے صوبے کی سیاحت کو پروموٹ کر رہے ہیں، ملکی آبادی کا 64 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کی شرکت کے بغیر ملک کا کوئی شعبہ ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ کی سیاحت، ثقافت و جغرافیائی تصاویر میں سے تین بہترین تصاویر کو بالترتیب 50، 35 اور 25 ہزار روپے کیش پرائز دیے گئے۔ اس کے علاوہ بہترین ویڈیوز بنانے والے شرکا کو بالترتیب ایک لاکھ، 75 ہزار اور 50 ہزار روپے کا نقد انعام دیا گیا جبکہ بہترین لوگو ڈیزائنر کو 30 ہزار روپے کیش پرائز دیا گیا۔ ویڈیوگرافی میں پہلا انعام منتظر مہدی، دوسرا انعام کریم برولیا جبکہ تیسرا انعام شہباز علی کو دیا گیا۔ اس کے علاوہ فوٹوگرافی میں پہلا انعام ایس ایم رفیق، دوسرا انعام امجد امداد، تیسرا انعام کامران نوہڑیو کو دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں