وفاق بھارتی ماہی گیروں سے متعلق پالیسی بدلے ،زاہد ابراہیم

وفاق بھارتی ماہی گیروں سے متعلق پالیسی بدلے ،زاہد ابراہیم

پاکستانی ماہی گیروں کی ملکی سمندری حدود سے گرفتاری کی قابل مذمت، نوٹس لیا جائے،بھارتی فورسز کی گرفتاریوںکیخلاف احتجاج کا حق رکھتے ہیں،ایڈمنسٹریٹر فشرمینز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی نے بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستانی ماہی گیروں کی پاکستانی سمندری حدود سے گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں پاکستانی ماہی گیروں کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر فوری نوٹس لیں، اگر بھارتی فورسز نے بلاجواز گرفتاریاں بند نہ کیں تو ماہی گیر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے مزید کہا کہ لاکھوں پاکستانی ماہی گیر عالمی ضمیر جھنجھوڑنے کے لیے اقوام متحدہ اور بھارتی قونصل خانے کا گھیراؤ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ماہی گیر برادری وفاقی حکومت سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ بھارت کے پاکستانی ماہی گیروں کے ساتھ دہشت گردانہ رویے کو عالمی فورمز پر اجاگر کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان گرفتار بھارتی ماہی گیروں کو باعزت طریقے سے رہا کرتا ہے ، جبکہ دہشت گرد بھارتی حکومت ہمیں پاکستانی ماہی گیروں کی لاشوں کے تحفے بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بھی بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کی پالیسی میں کچھ تبدیلی لانا ہو گی، ہم نہیں چاہتے کہ پاکستانی حدود سے گرفتار ہونے والے ماہی گیروں کو کوئی تکلیف پہنچے، مگر ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ ہمارے پاکستانی ماہی گیروں کو بھی بھارتی انسانیت سوز مظالم سے چھٹکارہ ملے، عالمی برادری کو بھارتی دہشت گردانہ کارروائیوں کا نوٹس لینا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں