ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افرادجاں بحق

ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افرادجاں بحق

شرافی گوٹھ میں صبا اورکورنگی میں نامعلوم نوجوان تیزرفتارگاڑیوں کانشانہ بنےہاکس بے پر نہاتے ہوئے ڈوبنے والے 2نوجوانوں کو لائف گارڈز نے بچالیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شرافی گوٹھ اور کورنگی صنعتی ایریا میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہوگئے، ہاکس بے میں نہاتے ہوئے 2 نوجوان ڈوب گئے جنہیں بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کی حدود لانڈھی فیوچر موڑ کے قریب تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار خاتون شدید زخمی ہوگئی، جسے جناح اسپتال منتقل کیا جانے لگا تو وہ جانبر نہ ہوسکی۔ خاتون کی شناخت 30 سالہ صبا زوجہ نعمان کے نام سے ہوئی۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی جبکہ ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی بروکس چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفی کی جیب سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے۔ ماڑی پور تھانے کی حدود ہاکس بے کے ساحل پر نہانے کے دوران 2 نوجوان ڈوب گئے۔ اطلاع ملنے پر وہاں موجود لائف گارڈز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں نوجوانوں آصف اور عاقب کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر سول اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق ایک نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب رہا تھا، جسے بچانے کے لیے دوسرا نوجوان گیا اور وہ بھی تیز لہروں کی نذر ہو گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں