حکمران ملک کی بنیادیں کھوکھلی کررہے ہیں، حسین محنتی

حکمران ملک کی بنیادیں کھوکھلی کررہے ہیں، حسین محنتی

اسلام ونظریہ پاکستان ہی سالمیت وترقی کا ضامن ،امیر جماعت اسلامی سندھ،پوری معیشت سود اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے ،اجلاس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ یکساں نصاب تعلیم سے لیکر قرآن وسنت کیخلاف قانون سازی تک حکمران ملک کی بنیادوں کوکھوکھلا کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اسلام ونظریہ پاکستان ہی ملکی سالمیت وترقی کا ضامن ہے، مہنگائی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، یکم نومبر سے گھریلوصارفین کیلئے گیس 35 فیصدمہنگی کرنے کی تجویز عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے، پوری معیشت سود اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے ،صرف دو ماہ میں382ارب کا بیرونی قرضہ لیا گیا، برادر تنظیمات اسلامی وخوشحال پاکستان کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں برادر تنظیمات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی اس موقع پر موجود تھے ، جبکہ برادر تنظیمات کے صوبائی ذمہ داران نے اپنی ششماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر عوامی وقومی مسائل پر جدوجہد کررہی ہے، ضرورت ہے کہ برادر تنظیمات بھی اپنا فعال کردار ادا کرکے دست وبازو بنیں۔ اجلاس میں اسلامک لائزر موومنٹ، نیشنل لیبر فیڈریشن، اسلامی جمعیت طلبہ، تحریک محنت، جمعیت طلبہ عربیہ، جے آئی یوتھ، شعبہ تعلیم، تنظیم اساتذہ، پیما، جمعیت اتحاد العلما، نیشنل کنزیومر موومنٹ کے صوبائی ذمہ داران موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں