ماحولیاتی بہتری کیلئے بڑے پیمانے پر شجرکاری ضروری،مرتضیٰ وہاب
کمرشل مراکز، صنعتی علاقوں میں زیادہ درخت لگائے جائینگے، ایڈمنسٹریٹرکراچی،ایکو سسٹم کی بحالی، روایتی پرندوں کی آمد کیلئے ماہرین سے مشاورت کی جائے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کا ماحول بہتر بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی ضرورت ہے، کمرشل مراکز اور صنعتی علاقوں میں سڑکوں اور چوراہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں گے، گرین زون اور اربن فاریسٹ کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے موقع پر کہی۔ میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی بلڈنگ کی چار دیواری کے ساتھ موجود لان کو گرین زون بنانے کے لئے ناریل، چیکو، امرود، کھجور، جنگل جلیبی اور دیگر پھل دار درخت لگائے گئے ہیں۔ یہ درخت اطراف کے علاقے میں خارج ہونے والی کاربن گیس کو استعمال کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ شجر کاری مہم میں متعدد پھل دار پودے شامل ہیں، ہمیں اپنے پارکس اور تفریحی مقامات کو سرسبز اور شجر دار بنانا ہے، جس کے لئے کے ایم سی کے محکمہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ایکو سسٹم کو بحال کرنے اور روایتی پرندوں کی آمد اور بارشوں کے لئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہونی چاہئے۔ اس حوالے سے ماہرین نباتیات اور ماحولیات کی مشاورت سے حکمت عملی بنائی جائے۔