ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد میں محفل سماع کا انعقاد
نامور قوالوں نے کلام سنائے، مرکزی رہنماؤں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک، مہاجر ہونے پر فخر ہے، کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، خالد مقبول کی گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام بسلسلہ ایام ہجرت کے حوالے سے ملک کے مختلف شہروں سمیت اندرون سندھ کے تمام اضلاع میں مختلف پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں مرکزی پروگرام محفل سماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور قوالوں نے مختلف شعرا کے کلام سنائے۔ محفل سماع کے پروگرام میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر، اراکین رابطہ کمیٹی، سی او سی کے انچارج و اراکین، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران و اراکین، کراچی کے تمام ٹاؤن، یوسی کے ذمہ داران اور کارکنان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سلسلہ ایام ہجرت کے آخری دن میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مہاجر ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں، ہم ایسی نسبت کو ایسی ہجرت سے جوڑتے ہیں جس سے مسلمانوں کی تقویم وابستہ ہے ، ہمیں ایک نئے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہے، کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے، ہم ہی واحد سچے پاکستانی ہیں جن کے آباو اجداد نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔