کراچی کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم سے روکنا زیادتی،فاروق ستار

کراچی کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم سے روکنا زیادتی،فاروق ستار

پاکستان میڈیکل کونسل کے ٹیسٹ کسی ایک معیار، نظام کے تحت نہیں ہورہے ،اچھا ڈاکٹر بننے سے روکنا تعلیم نہیں ملک کے خلاف سازش ہے ،پریس کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، ملک کو استحکام تعلیم سے ملتا ہے، پاکستان میڈیکل کونسل (پی ایم سی) کی طرف سے میڈیکل کے ٹیسٹ جاری ہیں، یہ ٹیسٹ کسی ایک معیار یا نظام کے تحت نہیں ہورہے ہیں، نوے پچانوے فیصد مارکس لینے والوں کو ٹیسٹ میں فیل کیا جارہا ہے، اس طرح کے اقدام سے کراچی کے طلبہ وطالبات کو اعلیٰ تعلیم سے روکنا زیادتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھا ڈاکٹر بننے سے روکنا تعلیم کے خلاف نہیں ملک کے خلاف سازش ہے، یہ تعلیم اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ پہلے کوٹہ سسٹم کی مار ماری جاتی تھی، اب کسی اور طریقے سے کراچی کے ڈاکٹر بننے والے طلبہ کو فیل کردیا گیا ہے، کراچی کے آدم جی کالج سمیت معیاری کالجوں کے طلبہ یہاں موجود ہیں، ان کالجوں میں داخلہ ملنا اعزاز سمجھا جاتا تھا، میٹرک میں بھی پاکستان داخلہ ٹیسٹ میں ایک سو آدم جی کالج کے شریک ہوتے ہیں، صرف سات ٹیسٹ میں داخلے کے لیے پاس ہوتے ہیں، آدم جی جیسے کالج کے طلبہ کو میڈیکل میں داخلے نہیں مل سکتے تو کراچی کے کسی اور کالج کے طلبہ کو کیسے ملیں گے، ان طالب علموں کے والدین سخت ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے، ہم ان متاثرہ طالب علموں کے ساتھ ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں