سانگھڑمیں صوبائی وزیر کی کھلی کچہری میں شکایات کے انبار

سانگھڑمیں صوبائی وزیر کی کھلی کچہری میں شکایات کے انبار

نواب شاہ میں دو پٹواری معطل،پڈعیدن میں ریجنل ڈائریکٹر محتسب آفس کی کھلی کچہری

سانگھڑ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) سانگھڑ جم خانہ کے لان میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر ساجد جوکھیو اور وزیر اعلی کے خصوصی معاون پیر نوراللہ قریشی نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سب سے زیادہ شکایات محکمہ بلدیہ اور پبلک ہیلتھ کے خلاف موصول ہوئیں۔ سائلین نے الزام لگایا کہ سی ایم او بلدیہ عزیز احمد تنیو نے مبینہ طور پر محکمہ بلدیہ کوتیرہ کروڑ روپے کا ٹینڈر کی مد میں نقصان پہنچایا ہے ،مویشی منڈی، ایڈورٹائزنگ اور دیگر ٹینڈرز میں قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں جس صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو تحقیقات کا حکم دیکر رپورٹ طلب کرلی۔کھلی کچہری میں پولیس ،واپڈا ، ایریگیشن،تعلیم،حیسکو،صحت اور دیگر محکموں کیخلاف بھی شکایات کی گئیں۔ نواب شاہ سے نمائندے کے مطابق ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عامر حسین پنہور نے اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد کے دفتر میں محکمہ ریونیو سے متعلق کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں جائز کاموں، زمینوں کے کھاتوں کی منتقلی کیلئے مبینہ طور پر بھتہ مانگنے کی شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر دو پٹواریوں محمد خان جسکانی اور علی مدد رند کو معطل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد محمد ذیشان اور مختارکار کامران بلوچ سمیت تمام عملے کو لوگوں کے مسائل فوری حل کرنیکی تاکید کی۔ پڈعیدن سے نمائندے کے مطابق ریجنل ڈائریکٹر محتسب آفس نوشہروفیروز ریاض الحسن میمن نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس نوشہروفیروز میں کھلی کچہری کے دوران ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کے متعلق سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی شکایات سنیں اور شکایات کے فوری حل کے لئے انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین کے بقایاجات اور تنخواہیں بروقت کی جائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں