روہڑی،گھر سے رقم چوری کرکے وکیل کا خودکشی کا ڈرامہ
گھوٹکی میں نوجوان کی خودکشی،لاڑکامہ،محراب پور میں دو افراد حادثات کا شکار
روہڑی،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) روہڑی کے علاقے کھجور منڈی کے رہائشی ایڈووکیٹ عنایت اللہ مہیسر کی خودکشی ڈرامہ نکلی۔ واقعے کا ڈراپ سین اسوقت ہوا جب ایس ایچ او نے اطلاع کے لیے والد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ بیٹے نے ایک لاکھ روپے چوری کرنے کے بعد خودکشی کا ڈرامہ کیا ہے اور گمبٹ فرار ہوگیا ۔روہڑی پولیس کو نارا کینال کے کنارے سے ایڈوکیٹ عنایت اللہ مہیسر کی موٹر سائیکل اور سامان پڑا ملا تھا۔ گھوٹکی کے قریب تھانہ عادلپور کی حدود نواحی گوٹھ بخشو چاچڑ کے رہائشی نوجوان دہنی بخش چاچڑ نے اپنی برادری میں آئے روز کے تصادم سے تنگ آکر زہریلی دوا پی کر خودکشی کرنے کی کوشش کی جسے اہل خانہ فوری اسپتال لے گئے تاہم نوجوان نے طبی امداد کے دوران دم توڑ دیا۔ لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق ڈیرہ الہ یار کے قریب خانگڑہ روڈ پر تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار18 سالہ صابر علی شیخ ،اس کا رشتے دارببلو اور ذیشان شیخ شدید زخمی ہوگئے جن میں سے صابر چانڈکا اسپتال میں دم توڑ گیا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق نوشہرو فیروز پولیس تھانے کی حدود ٹھارو شاہ بائی پاس پر ٹریلر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار نوجوان غلام شبیر سولنگی جاں بحق اور قاسم سومرو زخمی ہو گیا۔ حیدرآباد کے علاقے حسین آباد کے قریب پٹرول کے پمپ کے ساتھ کھڑی گاڑی میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے 2افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ جھڈو سے نمائندے کے مطابق جھڈو کے صحافی محمد اسلام رحمانی موٹر سائیکل پر اپنے گھر جارہے تھے کہ گھر کے قریب بشیر رحمانی ولد سلیمان رحمانی اور اس دیگر ساتھیوں نے حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے کپڑے پھاڑ دیے ۔ محمد اسلام رحمانی نے 6 افراد کے خلاف درخواست جھڈو پولیس اسٹیشن میں جمع کرادی تاہم دو روز گزرنے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔