کراچی پولیس نشئی افرادکو درگاہ شاہ یقیق چھوڑآئی

کراچی پولیس نشئی افرادکو درگاہ شاہ یقیق چھوڑآئی

تھانے کی صفائی کے بہانے پولیس ہمیں بس میں بھرکرلائی تھی،نشئی افراد

بدھوتالپور(رپورٹ :گل شیر ملاح)کراچی پولیس نے نشے کے عادی افراد سے جان چھڑانے کا انوکھا طریقہ ڈھونڈ لیا اورکراچی کے مختلف علاقوں سے پکڑے گئے نشے کے عادی افراد کو درگاہ شاہ یقیق پر چھوڑ کر رفوچکر ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کراچی پولیس شہر کے مختلف علاقوں سے پکڑے گئے نشئی افراد کو بس میں بھر کر درگاہ شاہ یقیق پر چھوڑ کر چلی گئی ۔چوھڑ جمالی شہر میں شہری اچانک کثیر تعداد میں نشے کے عادی افراد کا ہجوم دیکھ کر پریشانی سے دوچار ہوگئے جبکہ متعدد نشے کے عادی افراد نے مختلف علاقوں کا رخ کرلیا ۔ پورے شہر میں یہ افراد تماشہ بنے رہے ، نشے کے عادی افراد کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس بہانہ بنا کر ہمیں یہاں چھوڑ کر چلی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس تھانے کی صفائی کروانے کا بہانہ بناکر ہمیں بس میں بھر کر لائی تھی اور ہمیں یہاں لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے ۔ہمارے نہ ملنے پر ہمارے گھر والے پریشان ہونگے لہذا ہمیں واپس کراچی پہنچایا جائے ۔نشئی افراد کی موجودگی کی اطلاع پرایکشن لیتے ہوئے چوہڑ جمالی پولیس نے ان افراد کو ڈھونڈنا شروع کر دیا اور آخری اطلاعات تک پولیس نے 40سے زائد افراد کو تحویل میں لے لیا جبکہ مزید افراد کی تلاش جاری ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام نشئی افراد کو ایدھی ہوم ولیج کے حوالے کیا جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں