صحیح علاج نہ کرنے کی شکایت کرنے والا مریض چل بسا

صحیح علاج نہ کرنے کی شکایت کرنے والا مریض چل بسا

صابر نجی کلینک میں علاج کرا رہا تھا، فائدہ نہ ہونے پر عملے سے تلخ کلامی ہوئی، ڈی ایس پی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گبول ٹاؤن میں واقع کلینک میں علاج صحیح نہ کرنے کی شکایت پر جھگڑا کرنے والے مریض کی حالت خراب ہوگئی، جسے اسپتال پہنچایا جانے لگا تو وہ چل بسا۔ پولیس نے نجی کلینک کے مالک کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق گبول ٹاؤن تھانے کی حدود ایف بی ایریا سیکٹر 15 بنگالی پاڑہ میں قائم نجی کلینک کے اندر 35 سالہ صابر حسین ولد منظور حسین آیا اور اپنا علاج صحیح نہ کرنے پر ڈاکٹر اور دیگر عملے سے لڑنے لگا، جس پر کلینک کے مالک حسین کے ساتھ اس کی تلخ کلامی ہو گئی، لوگوں نے ان کے دمیان بیچ بچاؤ کرادیا، جس کے بعد صابر حسین واقعہ کی شکایت لے کر تھانے پہنچ گیا۔ ڈی ایس پی نعیم خان کے مطابق صابر حسین نے تھانے آکر بتایا کہ وہ مذکورہ کلینک پر تین، چار روز قبل اپنا علاج کرانے آیا تھا، تاہم اس کا صحیح علاج نہیں کیا گیا اور اسے کہا گیا کہ وہ دل کا مریض ہے ، کسی اور اسپتال جائے ، اس بات پر اس کا جھگڑا ہوا۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ اسی دوران تھانے میں صابر حسین کو دوبارہ تکلیف ہوئی، جسے اسپتال لے جایا جانے لگا تو وہ راستے میں چل بسا۔ ڈی ایس پی کے مطابق کلینک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ مریض کو کہا گیا تھا کہ وہ دل کے اسپتال جائے ، اس کا علاج وہاں ہوسکتا ہے ، جس پر وہ ناراض ہوگیا اور لڑنے لگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں