سندھ ہائیکورٹ: قصر فاطمہ کو گرلز میڈیکل ڈینٹل کالج بنانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ: قصر فاطمہ کو گرلز میڈیکل ڈینٹل کالج بنانے کا حکم

کالج میں ہاسٹل بھی ہوگا، محکمہ ثقافت سے30سال کی آمدن کی تفصیلات طلب ،فاطمہ جناح نے یہاں آخری سانسیں لیں، آپ ناچ گانا کررہے ہیں؟عدالت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے محترمہ فاطمہ جناح کے اثاثوں کی وراثت سے متعلق قصر فاطمہ (مہٹہ پیلس) کو میڈیکل ڈینٹل کالج بنانے کا حکم دے دیا۔ بدھ کو عدالت عالیہ سندھ میں محترمہ فاطمہ جناح کے اثاثوں کی وراثت سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ نمائندہ محکمہ ثقافت نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے عمارت کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے۔ فاطمہ جناح کی رہائش قصر فاطمہ کے غیر مناسب استعمال پر عدالت برہم ہو گئی۔ عدالت نے محکمہ ثقافت کے افسر کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ فاطمہ جناح نے یہاں آخری سانسیں لی تھیں، آپ وہاں ناچ گانا کررہے ہیں؟ آپ لوگوں نے اس عمارت کا تقدس پامال کیا ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل آپ مزار قائد پر بھی ناچ گانا کریں گے، صوبائی حکومت کو دیکھ بھال کیلئے دیا گیا، آپ نے غیرقانونی ٹرسٹ بنا لیا، انہوں نے ہمیں پورا ملک دیا اور ہم ان کے اثاثوں کے ساتھ کیا کررہے ہیں۔ فریقین کے درمیان میڈیکل ڈینٹل کالج کے قیام پر اتفاق ہوگیا۔ جس پر عدالت نے قصر فاطمہ کو میڈیکل ڈینٹل کالج بنانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گرلز ڈینٹل کالج میں ہاسٹل بھی شامل ہوگا۔ عدالت نے کالج کو چلانے کیلئے ٹرسٹ بنانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے محکمہ ثقافت سے قصر فاطمہ سے 30 سال میں ہونے والی آمدن کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں