پاکستان خطے میں معاشی مرکز کے طور پر ابھرا ، صدر عارف علوی
حکومت کی پالیسیوں سے سرمایہ کار راغب، دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین منفرد،آٹو موبائل شعبے میں مقامی طور پر یونٹس کی تیاری خوش آئند، تقریب سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی دانش مندانہ پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت میں گامزن کر دیا ہے، پاکستان خطے میں معاشی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے بدھ کو کراچی میں پروٹون سی کے ڈی پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک میں گاڑیوں کے مقامی یونٹس کی تیاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کو منڈی کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانے پر زور دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے سرمایہ کار راغب ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین منفرد نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت کے ایک بڑے تجارتی پارٹنر ہونے کی وجہ سے اس کے کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم و ستم پر پردہ ڈالا جا رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران نے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان باہمی دوستانہ و برادرانہ تعلقات 1957ء سے قائم ہیں، ملائیشیا واحد مسلمان ملک ہے جو 1983ء سے مقامی طور پر اپنی ٹیکنالوجی سے کاریں تیار کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت نے بینائی سے محروم طلبہ کیلئے فٹبال اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینائی سے محروم افراد کی صلاحیتیں نارمل افراد سے کم نہیں۔