بارشوں کے پانی سے استفادے کیلئے ڈیمز کی فزیبلیٹی بنانے کی ہدایت

بارشوں کے پانی سے استفادے کیلئے ڈیمز کی فزیبلیٹی بنانے کی ہدایت

واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، محکمہ بلدیات اور محکمہ آبپاشی کے افسران تیزی سے کام کریں، وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ،پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، اجلاس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بڑھتی آبادی کے لیے پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بارشوں کے پانی سے استفادہ کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، حکومت سندھ نے واٹر بورڈ کو قابل عمل منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے محکمہ بلدیات اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ کراچی جیسے بڑے شہر کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں بارشوں کے پانی کو جمع کرنے کیلئے کراچی کے قرب و جوار میں حب ڈیم کی طرز پر مختلف چھوٹے بڑے ڈیم بنانے کا جائزہ لیا جائے اور منصوبے کے لئے فزیبلیٹی بنائی جائے۔ محکمہ بلدیات سندھ کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان، محکمہ خزانہ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے سربراہ خالد محمود شیخ، ضلعی میونسپل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیر بلدیات نے ہدایات دیں کہ بارشوں کے پانی کو مختلف چھوٹے بڑے ڈیمز کی صورت میں جمع کرنے کے لئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،محکمہ بلدیات اورمحکمہ آب پاشی کے افسران تیزی سے کام کریں اور مناسب منصوبے کی فزیبلیٹی تیار کریں تاکہ کراچی جیسے بڑے شہر کی پانی کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرسکیں۔ واضح رہے کہ گڈاپ کے علاقے میں حب ڈیم کی طرز پر چھوٹے ڈیموں کے لیے کافی امکانات موجود ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں