وحدت مسلمین کا12تا17ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت منانے کا اعلان
مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے اہلسنّت اکابرین علامہ منظر الحق تھانوی، مولانا عبداللہ جونا گڑھی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما نوید ہاشمی و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشرکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول کے مبارک ایام کو روایتی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت کی طرف سے حسب سابق امسال بھی بارہ ربیع الاول تا سترہ ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بارہ ربیع الاول کے روز میلاد النبیؐ کے جلوسوں میں ملت تشیع بھرپور طور پر شریک ہو گی۔ اس کے علاوہ شرکا کے لیے دودھ، پانی کی سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی اسلام کے دو مضبوط بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ سنی برادران نے اپنی حکیمانہ اور بابصیرت طرز فکر سے تکفیریت کی بساط الٹ کر رکھ دی ہے، شدت پسند قوتیں دوبارہ سر اٹھانے کے لیے موقع کی تلاش میں ہیں، ہم انہیں ان کے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پریس کانفرنس میں مولانا ملک عباس، مولانا بشیر انصاری، مولانا اسحاق امینی، مولانا علی انور، علامہ مبشر آصف صفوی، حسن، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔