مطالبات کی منظوری کیلئے اردو یونیورسٹی بچاؤ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

مطالبات کی منظوری کیلئے اردو یونیورسٹی بچاؤ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اساتذہ تنخواہوں سے محروم، خودساختہ نگران کی وجہ سے مالی بحران پیدا ہو گیا ،صدر عارف علوی فوری سینیٹ کا اجلاس طلب کریں،مشترکہ اجلاس میں مطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی میں خودساختہ نگران کی تعیناتی غیر آئینی ہے، ڈپٹی چیئر سینیٹ اے کیو خلیل غیر آئینی اقدام کے ذریعے یونیورسٹی کے وسائل پر قابض ہو چکے ہیں، صدر مملکت اور یونیورسٹی کے چانسلر فوری طور پر سینیٹ کا اجلاس طلب کرکے یونیورسٹی سینیٹ کے فیصلے کی روشنی میں وائس چانسلر کا تقرر کریں۔ انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس، انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، انجمن غیر تدریسی ملازمین عبدالحق کیمپس، تحفظ حقوق ملازمین فورم گلشن اقبال کیمپس کا مشترکہ اجلاس عبدالحق کیمپس کے سیمینار ہال میں منعقد ہوا، جس میں صدر پاکستان اور یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر سینیٹ کا اجلاس طلب کریں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ یونیورسٹی میں خودساختہ نگران کی وجہ سے مالی بحران پیدا ہو گیا ہے، یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کو ہاؤس سیلنگ ادا نہیں کی گئی، اسی طرح جزوقتی اساتذہ کو گزشتہ دو سال سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، شعبہ امتحانات میں بھی ادائیگیوں میں تعطل پایا جاتا ہے، ریٹائرڈ اساتذہ وملازمین کو پنشن کی ادائیگی بھی نہیں کی جا رہی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اردو یونیورسٹی بچاؤ کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی مطالبات کے حل کے لئے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں