عشرہ رحمت للعالمین ؐمنانے کا اعلان خوش آئند، شاہ عبد الحق
صفائی،سڑکوں کی مرمت،لائٹس کی درستگی کا کام نہ ہونے کے برابر،حکومت کو آگاہ کردیا ،مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے علما و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہو گا، پریس کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی جلو س میلا د النبیؐ 3 بجے سہ پہر بولٹن مارکیٹ سے علما و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہو گا، جو ایم اے جناح روڈ کے راستے نشتر پارک پہنچے گا جہاں میلاد مصطفی کانفرنس سے علما کرام و قائدین اہلسنّت خطاب کریں گے، حسب سابق صبح سے رات گئے تک کراچی کے تمام اضلاع سے جلوس برآمد ہوں گے، جلوس اور جلسے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ، جبکہ جماعت اہلسنّت کراچی نے نشتر پارک کے جلسہ اور میلادالنبی ؐکے مرکزی جلوس اور کراچی کے تمام اضلاع سے جلوس نکالنے کا مشترکہ اجازت نامہ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ربیع الاول میں عشرہ رحمت للعالمین منانے کا اعلان خوش آئند ہے، اس کے اثرات بھی نظر آنے چاہئیں، ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ارباب حکومت، ایڈیشنل آئی جی،کمشنرکراچی، تمام ڈپٹی کمشنرز اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو تحریری طور پر آگاہ کردیا کہ صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کا کام نہ ہونے کے برابر ہے، علاقوں میں جلوس کی گزر گاہوں کا برا حال ہے۔ انہوں نے کے الیکٹرک سے مطالبہ کیاکہ میلاد النبی ؐکے جلوسوں اور جلسوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائے۔