شیرشاہ، نارتھ ناظم آباد میں ہوٹلوں کی گیس چوری پکڑی گئی

شیرشاہ، نارتھ ناظم آباد میں ہوٹلوں کی گیس چوری پکڑی گئی

مین لائن سے گیس چوری کی جارہی تھی، ملزم گرفتار،غیرقانونی سامان تحویل میں لے لیاگیا،گیس یوٹیلیٹی کورٹ نے چوری میں ملوث دو ملزمان کوگرفتارکر کے بل اور جرمانہ وصول کر لیا

کراچی (بزنس رپورٹر) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی گیس چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔کمپنی کے سیکیورٹی سروسز اینڈ کاؤنٹر گیس تھیفٹ آپریشنزکراچی کے آپریشن ونگ نے شیرشاہ میں چھاپہ مارا، ٹیم کو پتا چلا کہ کمپنی کی مین سپلائن لائن سے براہ راست گیس سڑک کنارے ایک ہوٹل کو فراہم کی جارہی تھی۔ ایس ایس جی سی پولیس نے گیس چوری کے ملزم عزیزالرحمن کو موقع پرگرفتار کرلیا اور اس کے خلاف ایف آئی آردرج کرائی اور تمام غیر قانونی سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔ آپریشن ونگ کراچی نے ایک اور چھاپے میں نارتھ ناظم آباد میں واقع ایک اور ہوٹل پر کارروائی کی، جہاں کمپنی کی مین لائن سے براہ راست گیس فراہم کی جارہی تھی۔ علاوہ ازیں گیس یوٹیلیٹی کورٹ کراچی سینٹرل نے گیس چوری میں ملوث دوملزمان عبدالغنی اور کامران شیخ کوگرفتار کرلیا۔ انہوں نے نقصان کے تاوان کے طور پر پہلے ہی کمپنی کو دو لاکھ 70 ہزار روپے مع گیس کے براہ راست استعمال پر پانچ ہزار جرمانہ ادا کر دیا۔ ایک اور واقعہ میں گیس یوٹیلیٹی کورٹ غربی نے ملزم ساجد علی اور وزدان کو بالترتیب ایس ایس جی سی کے نقصانات کے تاوان کی رقم201900 روپے کی پہلی قسط110000 روپے اور 202800روپے میں سے100000روپے کی ادائیگی پر ضمانت منظورکرلی ہے۔ ملزمان نے باقی رقم بھی قسطوں میں ادا کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں