قومی شناخت کے فروغ کیلئے ثقافت کو اجاگرکیا جائے ،صدرمملکت

قومی شناخت کے فروغ کیلئے ثقافت کو اجاگرکیا جائے ،صدرمملکت

ناپا ملک بھر میں اسی طرح کے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرے ،عارف علوی کا خطاب،اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس میں مرزا غالب کی شاعری کی پیشکش کے حوالے سے تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈ اکٹر عارف علوی نے پاکستان کی شاندار ثقافت کے اظہار اور متحرک قومی شناخت کے فروغ کے لئے تخلیق، پرفارمنگ آرٹس، ثقافت اور ادب کے ہمہ گیر کردار کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہے کہ ناپا پاکستان بھر میں اس طرح کے سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے ضیا محی الدین ہال میں اردو کے نامو رشاعر مرزا غالب کی شاعری اور تحریروں کی پیش کش کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید جواد اقبال چیئرمین ناپا بورڈ آف ڈائریکٹرز، ضیا الدین صدر ایمریٹس، سابق سینیٹر جاوید جبار، بورڈ اراکین طارق کرمانی، شاہ رخ، مہتاب راشدی، ستیش آنند اور فوزیہ نقوی نے صدر مملکت کاخیر مقدم کیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے تقریب میں ناپا کے اسٹاف اور طالب علموں کو شرکت کی اجازت دی گئی تھی۔ صدر مملکت عارف علوی نے ضیا محی الدین، صدر ایمریٹس ناپا کی طرف سے غالب کی یادگارشاعری اور تحریروں کی پیش کش کو سراہا۔ ناپا کے فنکاروں اور طالبعلموں کے ایک گروپ نے میوزک فیکلٹی کے ہیڈ استاد نفیس احمد کی سربراہی میں عظیم شاعر اسد اللہ غالب کو ستار پر چار غزلیں پیش کرکے شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈرامہ فیکلٹی خالد احمد نے کی۔ خاتون اول ثمینہ علوی اور صدر مملکت کے خاندان کے دیگر اراکین نے بھی شاندار پیشکش کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں