وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنانے کی ضرورت، سیکریٹری بلدیات

وسائل کا بہتر استعمال یقینی بنانے کی ضرورت، سیکریٹری بلدیات

منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ادارہ جاتی سطح پر اصلاحات عمل میں لارہے ، نجم احمد شاہ ،نئی لینڈ فل سائٹس سے متعلق ڈونر ایجنسیز کردار ادا کریں،ورلڈ بینک کے وفد سے گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ سے ورلڈ بینک کے سویپ مشن وفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈی سالڈ ویسٹ بورڈ زبیر احمد چنہ بھی موجود تھے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ عالمی اداروں کے تعاون سے جاری منصوبوں کی بروقت شفاف انداز سے تکمیل یقینی بنانے کے لئے ادارہ جاتی سطح پر اصلاحات عمل میں لا رہی ہے ، جس کے دیرپا اور بہترین نتائج برآمد ہوں گے۔ نجم احمد شاہ کے مطابق سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کی تشکیل سے معاملات کو احسن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے خاطر خواہ مدد حاصل ہوئی ہے، اداروں کو مضبوط اور اثر پذیر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ افرادی قوت اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور اقربا پروری کے کلچر کی بیخ کنی کی جائے۔ سیکریٹری بلدیات نے عالمی بینک کے وفد کو بتایا کہ سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کے تحت تمام جاری اور مستقبل قریب میں تشکیل پانے والے کنٹریکٹس کو باریک بینی کے ساتھ جانچ کے عمل سے گزارا جا رہا ہے تاکہ تمام عوامی منفعت سے متعلق منصوبے مزید مفید بنائے جاسکیں۔ نجم احمد شاہ نے مزید کہا کہ شہر میں نئی لینڈ فل سائٹس کے قیام سے متعلق عالمی ڈونر ایجنسیز فعال کردار ادا کریں تو شہر سے کچرے کے مستقل خاتمے میں خاطر خواہ مدد حاصل ہو سکتی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں