ضلع شرقی:رواں سال گھروں میں ڈکیتی کی 93 وارداتیں

ضلع شرقی:رواں سال گھروں میں ڈکیتی کی 93 وارداتیں

گلستان جوہر 19اور سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانہ کی حدود میں 16ڈکیتیاں،عزیز بھٹی ، نیوٹاؤن، پی آئی بی اور سولجر بازار میں کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں روزانہ کی بنیاد پر راہزنی کی وارداتوں کے ساتھ گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کو دہری مشکلات سے دوچار کر دیا۔ ضلع شرقی ڈاکوؤں کے لیے کسی جنت سے کم نہیں۔ رواں سال یکم جنوری سے 10 اکتوبر تک گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی 93 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے زیورات، نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں گلستان جوہر تھانہ پہلے نمبر پر رہا جہاں اس دوران گھروں میں ڈکیتی کی سب سے زیادہ 19 وارداتیں ہوئیں۔ ضلع شرقی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی وارداتوں کے حوالے سے سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانہ دوسرے نمبر پر رہا، جس میں 16 وارداتیں ہوئیں جبکہ تیسرا گلشن اقبال تھانہ سامنے آیا جس کی حدود میں قائم گھروں میں ڈکیتیوں کی 15 وارداتیں ہوئیں جبکہ سچل تھانے کی حدود میں 12 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ سہراب گوٹھ اور بہادر آباد میں 5، 5 وارداتیں، شارع فیصل، مبینہ ٹاؤن اور ٹیپو سلطان میں 4، 4 وارداتیں جبکہ فیروز آباد، محمود آباد اور بریگیڈ میں گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی ایک، ایک واردات رپورٹ ہوئی، تاہم عزیز بھٹی، نیوٹاؤن ، پی آئی بی کالونی اور سولجر بازار کے علاقے میں اس دوران گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی کوئی واردات رپورٹ نہیں ہوئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں