پٹرول قیمت میں اضافے، سی این جی کی بندش پر تشویش

پٹرول قیمت میں اضافے، سی این جی کی بندش پر تشویش

غریبوں، ٹرانسپورٹرز پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے گئے ،وفاق کے وعدے جھوٹ و فراڈ تھے ،اشیا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ،ارشاد بخاری کی زیر صدارت اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی بس اونرز ایسوسی ایشن کی منتظمہ کمیٹی کا اجلاس سید ارشاد حسین بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سینئر نائب صدر فاروق احمد، نائب صدر دین محمد بلوچ، جنرل سیکریٹری محمد الیاس، محمد اعظم اور دیگر عہدیداران و ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور 10 دن سی این جی کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ کمرتوڑ مہنگائی نے پہلے ہی پریشان کیا ہوا تھا ، رہی سہی کسر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے پوری کردی ہے، ٹرانسپورٹرز پہلے کسمپرسی کی زندگی گزار رہے تھے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے انہیں زندہ درگو کرنے کی کوشش کی ہے، وفاقی حکومت کے بڑے بڑے وعدے جھوٹ اور فراڈ تھے، اشیاخورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کرکے عوام کو پریشان کردیاگیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ کراچی کی ٹرانسپورٹ پہلے ہی سسکیاں لے رہی تھی اب تو بات بہت آگے بڑھ گئی ہے، غریبوں، ٹرانسپورٹرز پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیے گئے ہیں، کمر توڑ مہنگائی نے ہمیں مجبور کردیا ہے کہ اس کاروبار کو چھوڑدیں، حکومت نے آج تک ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، روزگار دینے کے بجائے چھین لیا گیا۔ ہم وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈیزل، پٹرول، سی این جی اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیاجائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں