واٹر بورڈ افسران کو ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات کی ہدایت
آبی ذخائر، پمپنگ اسٹیشنز اور دیگر مقامات پر جمع پانی صاف کیا جائے ، منیجنگ ڈائریکٹر،شہریوں کو فراہم کردہ پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار برقرار رکھی جائے ،اسداللہ خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے ڈینگی وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر واٹر بورڈ افسران و انجینئرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمام مقامات جہاں پانی جمع ہوتا ہے خاص طور پر آبی ذخائر، تمام پمپنگ اسٹیشنز اور پائپ لائنز وغیرہ کے اطراف ٹھہرے ہوئے پانی کو فوری صاف کیا جائے ، تمام حساس مقامات کی سخت نگرانی اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ ہر سطح پر ڈینگی وائرس کے خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے شہر میں ڈینگی وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر افسران اور انجینئرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام مقامات کو جہاں پانی جمع ہوتا ہے انہیں صاف اور تمام حساس مقامات کی سخت نگرانی و احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، تاکہ ہر سطح پر ڈینگی وائرس کے خطرے کو ختم کیا جا سکے ۔ ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان نے افسران اور انجینئرز کو مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو فراہم کئے جانے والے پانی میں کلورین کی مطلوبہ مقدار کو برقرار رکھا جائے ، واٹر بورڈ کی تمام تنصیبات اور مختلف فلٹر پلانٹس میں صاف پانی پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہر بھر میں واٹر بورڈ کی لائنوں سے رساؤ کی اولین ترجیح پر مرمت کی جائے تاکہ پانی کے بہاؤ کو بند اور پانی کے جمود کو ختم کیا جاسکے۔