خواتین تاجروں کی حوصلہ افزائی اولین ترجیح ، شہلا رضا

خواتین تاجروں کی حوصلہ افزائی اولین ترجیح ، شہلا رضا

معاشرے میں اہم جزو ، انہیں ان کا جائز مقام اور حقوق ضرور ملنے چاہئیں،وزارت ترقی نسواں نے خواتین کی مدد کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں، صوبائی وزیر

کراچی (بزنس رپورٹر) وزیر ترقی نسواں سندھ شہلا رضا نے کہا ہے کہ خواتین تاجر و صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی پیپلز پارٹی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، سندھ حکومت خواتین تاجروں کو تجارت وصنعت کے شعبوں میں ہر ممکن مواقع فراہم کررہی ہے، اس حوالے سے درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے فیدریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کی سابق صدر اور قائمہ کمیٹی برائے انٹر پرینور سندھ ریجن کی کنوینر اور کراچی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملیر (کے ڈبلیوسی سی آئی) کی بانی صدر نازلی عابد نثارکی سربراہی میں وفد کے ساتھ بلائے گئے اجلاس کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ شہلا رضا نے خواتین تاجروں کی حوصلہ افزائی اور ترقی نسواں کے حوالے سے کے ڈبلیو سی سی آئی ملیر کی بانی صدر نازلی عابد نثار کی خدمات کو سراہا اورکے ڈبلیو سی سی آئی کے قیام پر مبارکباد بھی پیش کی۔ وفد میں کے ڈبلیو سی سی آئی ملیر کی سینئر نائب صدر افضالا شاہین، نائب صدر یاسمین عارف، کے ڈبلیو سی سی آئی ایسٹ کی مہرین الٰہی اور ڈاکٹر طوبیٰ شامل تھیں، جنہوں نے وزارت ترقی نسواں کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خواتین معاشرے میں اہم جزو ہیں، لہٰذا انہیں ان کا جائز مقام اور حقوق ضرور ملنے چاہئیں، وزارت ترقی نسواں نے خواتین کی مدد کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں