اندرون سندھ جشن میلاد النبیﷺ کی تیاریاں مکمل
چھوٹے بڑے شہروں میں سبز پرچموں کی بہار ، گلی محلے برقی قمقموں سے سج گئے
حیدرآباد، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)اندرون سندھ جشن عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، چھوٹے بڑے شہروں میں سبز پرچموں کی بہار آگئی ہے اور گلیوں محلوں کو برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے ۔ حیدرآباد میں سرورِ کائنات ، ہادی رہبر ، نورِ مجسم ، حضور اکرمﷺ کا جشنِ ولاد ت عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے ، جلوسوں اور عید میلاالنبی ؐ کے جلسے شروع ہو چکے ہیں، حیدرآباد کے ہر گلی وکوچے کو سجادیا گیا ہے ،گنبدِ خضرا اور نعلین مبارک کی تصاویر آویزاں کردی گئی ہیں، ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے ، نجی و سرکاری عمارتوں وگلیوں میں چراغاں کیا گیا ہے ،برقی قمقموں سے شہرجگمگا اٹھا ہے ، ہر طرف نعتوں اور سرکار کی آمد مرحبا کی گونج ہے ۔ میرپورخاص میں جشن عید میلاد النبی ﷺکی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں،نجی اور سرکاری عمارتوں کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے ،شہر کی فضا لبیک یا رسول اﷲ،آقا کی آمد مرحبا اور دیگر نعروں سے معطر ہے ،مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے ، ریلیوں میں شامل عاشقان رسول ﷺسبز پرچم کے ساتھ شریک ہیں جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چوراہوں سمیت سرکاری و نجی عمارتوں کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے ۔ سکھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺکے سلسلے میں تقاریب اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے ، جمعیت علمائے پاکستان نورانی گروپ کی جانب سے دریائے سندھ میں کشتی ریلی نکالی گئی، جس میں سیکڑوں عاشقان رسول ﷺنے شرکت کی، دریائے سندھ کی فضا درود وسلام اورمرحبا یا رسول اﷲ ﷺکی صداؤں سے گونج اٹھی، ریلی لب مہران سے شروع ہوئی ، شرکاء نے دریائے سندھ کے عین وسط میں واقع صوفی بزرگ حضرت خواجہ خضر کی درگاہ پر حاضری دی ۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے 12 ربیع الاول کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے کے اجلاس میں کہا کہ سکھر، گھوٹکی اور خیرپور اضلاع میں عید میلا دالنبی ﷺبھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے تمام انتظامات کیے جائیں، اس مبارک مہینے میں صبر و تحمل کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو برقراررکھنا ہمارا فرض ہے ۔لاڑکانہ میں بھی جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ریلیوں اور تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے ، شہر کو رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے ۔ پیر محمد فیض الحسن شاہ ڈہرکی، پنوعاقل، گھوٹکی سمیت سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کرتے ہوئے گزشتہ شب لاڑکانہ پہنچے اور عید میلادالنبی ﷺکے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔خیرپور میں قادری تحریک کے مرکزی رہنماپیرسیدعبدالقادرشاہ جیلانی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سیرت النبیﷺپرعمل پیراہوکردنیا اور آخرت میں سرخروہواجاسکتاہے ۔ٹھٹھہ میں ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے 12 ربیع الاول کے حوالے سے ٹھٹھہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، انہوں نے شاہجہاں مسجد، آمری اسٹاپ، آگر محلہ، غنی محلہ، شیخ فرید چوک، مچھلی مارکیٹ، سونارا بازار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ سکرنڈ میں بھی مین شاہراہوں کو سبز جھنڈیوں ، بینروں جبکہ سرکاری ونیم سرکاری عمارتوں کو بھی برقی قمقموں سے سجادیا گیا ہے ، جماعت اہلسنت پاکستان کی جانب سے ریلی بھی نکالی گئی ۔