صوبے کی ثقافت اجاگرکرنے میں آرٹسٹ کااہم کردار،سردارشاہ

صوبے کی ثقافت اجاگرکرنے میں آرٹسٹ کااہم کردار،سردارشاہ

سندھ میں آرٹ و کلچر کومزیدفروغ دینگے ،آرٹ گیلریوں کی تعدادبڑھائی جائیگی،شہدائے پولیس کو خراج عقیدت کیلئے وال پینٹنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

کراچی (این این آئی)صوبائی وزیر تعلیم و ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں آرٹ و کلچر کو مزید فروغ دیں گے، صوبے کی ایک تاریخی حیثیت ہے جس کو اجاگر کرنے کیلئے آرٹسٹ اہم کردار ادا کررہے ہیں، آرٹ گیلریوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مقامی ہوٹل میں پولیس ہیڈ آفس میں شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے وال پینٹنگ کی افتتاحی تقریب اور ممتاز آرٹسٹ ایم اے بخاری کے سولو شو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے کہا کہ آرٹ کے ذریعے پولیس کا سافٹ امیج مزید بہتر بنایا جائے گا، پولیس اسٹیشنوں میں بھی اس سلسلے میں کام کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی شہری اپنے کام کے سلسلے میں تھانے جائے تو ایک مثبت تاثر سے روشناس ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کریسنٹ آرٹ گیلری کا کریٹو آرٹ ورک قابل ستائش ہے۔ برطانیہ سے آئے ہوئے یو آئی سی ایف کے صدر شہزادہ ایم اے حیات نے کہا کہ پاکستانی آرٹ دنیا بھر میں مقام رکھتا ہے، میں پاکستانی آرٹسٹوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور برطانیہ میں اپنے آرٹ کی پذیرائی کریں۔ کریسنٹ کے سی ای او ناصر جاوید نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ اور ملک بھر میں آرٹ کی ترویج کیلئے کوششوں کو مزید وسعت دی جائے گی، لیاری سمیت دیگر علاقوں کو آرٹ ورک کے ذریعے خوبصورت بنایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں