صوبائی وزرا کی کامیاب جلسہ کے انعقاد پر کارکنان کو مبارکباد

صوبائی وزرا کی کامیاب جلسہ کے انعقاد پر کارکنان کو مبارکباد

عوام تحریک انصاف کی حکومت کے ہاتھوں عاجز ،عام آدمی کی زندگی عذاب ہوگئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزرا مکیش کمار چاؤلہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، صادق جوکھیو، وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر فیاض علی بٹ ، معاونین خصوصی سید قاسم نوید قمر، صادق علی میمن اور پیپلز پارٹی ملیر کے سیکریٹری اطلاعات عباس تالپور نے کراچی میں کامیاب اور تاریخ ساز جلسے کے انعقاد پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمہوریت پسند عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا تاریخی جلسہ تحریک انصاف کی حکومت کی ناقص پالیسیوں، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خلاف ریفرنڈم ہے اور اب تحریک انصاف کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ عوام عمران خان کی حکومت کے ہاتھوں عاجز آ چکے ہیں، عام آدمی کی زندگی عذاب بن چکی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ کراچی کے تاریخی جلسے نے یہ بات ثابت کی ہے کہ سندھ کے عوام پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں اور وہ ملک کی بہتری کے لئے بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ فیاض علی بٹ نے کہا کہ کراچی کا تاریخ ساز جلسہ اس بات کی گواہی ہے کہ عوام تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں سے تنگ ہیں اور وہ حقیقی معنوں میں تبدیلی چاہتے ہیں، ملکی مسائل کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے ۔ قاسم نوید قمر نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ استعفیٰ دے کر گھر جائیں اور عوام کے حقیقی نمائندوں کو اقتدار منتقل کر دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں