بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن

بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن

مہم میں سخت مزاحمت کا سامنا، نارتھ ناظم آباد میں گرڈ اسٹیشن پر حملہ ہوا،کے الیکٹرک نے کچھ علاقوں میں واجبات کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک نے نارتھ ناظم آباد، شاہ فیصل کالونی، صدیق گوٹھ اور ملیر کے اطراف بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کچھ علاقوں میں واجبات کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کر دی، تاہم علاقہ مکینوں کے ساتھ ساتھ اراکین اسمبلی کی جانب سے آئندہ بروقت ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی۔ دوسری جانب بجلی کی چوری اور غیر قانونی کنڈا کنکشن کے خلاف کی گئی ایک اور کارروائی میں کے ای نے ملیر میں موجود کالا بورڈ کرسچن کالونی میں 120 سے زائد غیر قانونی کنکشن ہٹائے، جہاں واجبات تقریباً 162 ملین روپے ہیں اور بجلی چوری کی شرح 66 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ آپریشن سے قبل علاقے کے نمائندوں کو بھی مطلع کیاگیا تھا، جنہوں نے بقایا غیر قانونی کنکشنز کو میٹرڈ کنکشن میں تبدیل کرنے کے لیے پاور یوٹیلیٹی کی جانب سے ریکوری کیمپ لگانے پر بھی اتفاق کیا۔ کے الیکٹرک کو مہم میں سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ایک ہجوم نے نارتھ ناظم آباد میں واقع کے ای کے گرڈ اسٹیشن پر بھی حملہ کیا، جہاں بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا تناسب 50 فیصد سے بھی کم ہے اور بقایا واجبات 650 ملین روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ کے الیکٹرک کے ترجمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یوٹیلیٹی کے عملے اور اس کے انفرااسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنائیں۔ پاور یوٹیلیٹی شہر کو موثر بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں