ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے ایم سی ذاتی حیثیت میں عدالت طلب
سندھ ہائیکورٹ نے جہانگیر پارک کی بحالی اور سرکاری کوارٹرز خالی کراکر ملازمین کو متبادل جگہ نہ دینے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ افسر اور سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے ایم سی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیر کو عدالت عالیہ میں جہانگیر پارک کی بحالی اور جہانگیر پارک سرکاری کوارٹرز خالی کرکے ملازمین کو متبادل جگہ نہ دینے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالتی حکم پر جہانگیر پارک کو بحال کیا گیا، جہانگیر پارک سے سرکاری کوارٹرز بھی ختم کیے گئے، 2015 سے سرکاری ملازمین کو متبادل جگہ نہیں ملی، کورنگی ساڑھے تین نمبر پر متبادل جگہ دی گئی جہاں پہلے ہی قبضے ہیں۔ اپنے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت برہم ہوگئی۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ افسر اور سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ کے ایم سی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے دونوں افسران کو 4 نومبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے بتایا جائے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا؟۔ آئندہ سماعت پر دونوں افسران وضاحت اور رپورٹ کے ہمراہ پیش ہوں۔